ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کے جذبات پر رد عمل ضروری نہیں ہے: وزیر اعلیٰ کمار سوامی

سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کے جذبات پر رد عمل ضروری نہیں ہے: وزیر اعلیٰ کمار سوامی

Mon, 01 Oct 2018 11:53:55    S.O. News Service

بنگلورویکم اکتوبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کو اسمبلی انتخابات میں چامنڈیشوری حلقہ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا ، اس پر اپنے درد کا اظہار کرتے ہوئے آج سدارامیا نے کہا کہ مجھے راہو کیتو ( بی جے پی اور جے ڈی ایس) نے شکست سے دو چار کرنے کی سازش رچی تھی۔ اس بیان کے متعلق وزیر اعلیٰ کمار سوامی سے سوال کیا گیا توانہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ،کہا کہ سدارامیا نے اپنے جذبات کو پیش کیا ہے ،اس پر تبصرہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ودھان سودھا کے سامنے آج صبح شہر سے میسور کیلئے ونٹیج کار ریلی کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد اخباری نمائندوں کو وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سدارامیا نے کس پس منظر میں یہ بیان دیا مجھے معلوم نہیں ہے ۔اس لئے سدارامیا کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرنا ضروری نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین چار ماہ سے ریاستی مخلوط حکومت کو کئی چیلنجز کاسامنا کرنا پڑا ۔ نزاعی معاملات کو میڈیا ہوا دینے کا کام کررہا ہے۔قبل ازیں بین الاقوامی شہرت یافتہ میسور دسہرہ کے پیش نظرمحکمہ سیاحت اور فیڈریشن آف ہسٹیریکل وھیکلس آف انڈیا کے اشتراک سے وینٹیج کار ریلی کا آغاز کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس ریلی میں قدیم تاریخی کاروں کی نمائش کی جارہی ہے۔ بتایا کہ دو دن تک میسور میں مذکورہ قدیم کاروں کی ریلی کی نمائش کی جائے گی۔میسور کی اہم سڑکوں پر یہ کار ریلی نکالی جائے گی ۔ اس کے لئے ریاستی حکومت تمام تر سہولتیں فراہم کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ لندن ،فرانس ، سری لنکا سمیت ملک اور بیرونی ممالک کی اہم و قدیم کاریں اس نمائش میں موجود رہیں گی۔ ان کاروں کو دیکھ کر ہر کوئی تعجب کااظہار ہی کرے گا ۔ اس ریلی میں ملک اور بیرونی ممالک کی 22کاریں بنگلور کی 16اور ریاست کے دیگر اضلاع وشہروں سے 12جملہ50کاریں حصہ لے رہی ہیں ۔ ریلی میں حصہ لینے کیلئے مذکورہ ممالک سے آئے افراد کو وزیر اعلیٰ نے میسور پیٹھا پہنا کر ان کی عزت افزائی کی۔


Share: